بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
سورۂ کہف کے فضائل
مسلم ، ابوداؤد ، ترمذی، نسائی، مسند احمد میں حضرت ابو الدردا ءرضی اللہ عنہ سے ایک روایت ہے کہ جس شخص نے سورہ ٔکہف کی پہلی دس آیتیں حفظ کرلیں وہ دجال کے فتنہ سے محفوظ رہے گا، اور کتب مذکورہ میں حضرت ابوالدرداء رضی اللہ عنہ ہی سے ایک دوسری روایت میں یہی مضمون سورہ کہف کی آخری دس آیتیں یاد کرنے کے متعلق منقول ہے اور مسند احمد میں بروایت حضرت سہل بن معاذ رضی اللہ عنہ یہ منقول ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو شخص سورہ کہف کی پہلی اور آخری آیتیں پڑھ لے تو اس کے لئے اس کے قدم سے سر تک ایک نور ہو جاتا ہے اور جو پوری سورت پڑھ لے جو اس کے لئے زمین سے آسمان تک نور ہو جاتا ہے۔
اور حافظ ضیاء مقدسی نے اپنی کتاب مختارہ میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی روایت سے نقل کیا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جو شخص جمعہ کے دن سورہ کہف پڑھ لے وہ آٹھ روز تک ہر فتنہ سے معصوم رہے گا ، اور اگر دجال نکل آئے تو یہ اس کے فتنہ سے بھی معصوم رہے گا ۔
No comments:
Post a Comment